اسلام آباد،5جولائی؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے سعودی عرب میں پیر کے روز ہونے والے خودکش حملوں کی مذمت کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ پاکستانی حکومت اور عوام مشکل کی اس گھڑی میں سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔میاں محمد نواز شریف، جو ان دنوں علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں، نے سعودی فرمانروا کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ مسجد نبوی جیسے مقدس ترین مقام پر دہشت گردی کی کوشش کا کوئی مسلمان سوچ بھی نہیں سکتا۔ادھر دوسری جانب پاکستان فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے سعودی نائب ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کو ٹیلی فون کر کے جدہ، قطیف اور مدینہ شریف میں بم دھماکوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ ہر مشکل گھڑی میں ساتھ رہا ہے اور اس نازک موقع پر بھی انہیں تنہا نہیں چھوڑے گا۔درایں اثنا جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بھی اپنے الگ الگ بیانات میں مملکت سعودی عرب میں ہونے والے خودکش بم حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔